امپھال، 2 /مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے وعدہ کیا کہ منی پور اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے پر ریاست میں جاری غیر معینہ اقتصادی ناکہ بندی ختم کر دی جائے گی نیز انتہا پسندی سے متاثر ہ ریاست میں قانون وانتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کو ترجیح دی جائے گی۔شاہ نے کل یہاں ایک انتخابی ریلی میں کہاکہ ہمارا پہلا کام غیر معینہ اقتصادی ناکہ بندی کو ختم کرانا ہوگا اور ریاست کو بند اور ناکہ بندیوں سے آزاد کرانے کے لیے ہر طر ح کی کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے انتہا پسندی سے متاثرہ ریاست میں قانون وانتظام کی صورت حال بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ لاء اینڈآرڈر بحال کیا جائے گیا اور ریاست میں تشدد کے مسائل کو حل کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔بی جے پی صدر نے ناگا سمجھوتے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اس سے ریاست کی علاقائی سالمیت متاثر نہیں ہوگی جس کی یقین دہانی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی کرائی ہے۔ترقی کے ایجنڈے کو بنیاد بناتے ہوئے شاہ نے پانچ سالوں میں منی پور کو ایک مثالی ریاست بنانے کا وعدہ کیا اور ساتھ ہی موجودہ کانگریس حکومت پر علاقے کے سیاحتی امکانات کو فروغ نہ دینے کا الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے سیاحتی خطے میں بڑی صلاحیت ہے جس کا کانگریس نے گزشتہ 15سال کے اپنے اقتدار میں استعمال نہیں کیا، بی جے پی کے اقتدار میں آنے پر منی پور کو ایک مثالی ریاست بنایا جایا گا۔بی جے پی صدر نے کہا کہ ریاست میں سب کو پینے کا پانی مہیا کرایا جائے گا اور سڑکوں کی حالت میں بہتری لائی جائے گی۔اس سے پہلے دن میں شاہ نے فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر اور سابق رکن اسمبلی وائی ایراوت کے ساتھ وانگ کھیی اسمبلی حلقہ میں گھر گھر جا کر انتخابی مہم کی، جہاں وہ تقریبا 10 گھروں میں گئے اور لوگوں سے پارٹی کے لیے ووٹ مانگا۔